کراچی پیپرز رپورٹ : عدالت کے حکم کے تحت اتوار ،8 اکتوبر کو میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے آئی بی اے سکھر نے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا انعقاد کیا۔
سندھ ہائی کورٹ نے 26 اکتوبر کو دیے گئے فیصلے میں چار ہفتوں کے اندر اندر ایم ڈی کیٹ کا امتحان لینے کا حکم دیا تھا۔
ٹیسٹ کراچی ، حیدر آباد، سکھر اور لاڑکانہ میں بیک وقت لیا گیا جس میں 38 ہزار سے زائد امیدواروں نے شرکت کی ۔ کراچی سے 12 ہزار طلبا نے 854 نشستوں کے لیے ٹیسٹ دیا ۔آئی بی اے کراچی کے انکار کے بعد آئی بی اے سکھر نے ایم ڈی کیٹ نے امتحان لینے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔
ٹیسٹ کے انعقاد کے لیے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور مراکز کے اطراف میں دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی۔ کسی کو بھی اصل ایڈمٹ کارڈ ، شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور مارکس شیٹ کے بغیر ٹیسٹ سینٹر میں داخلہ کی اجازت نہیں تھی۔ امیدواروں کو پرچہ حل کرنے کے لیے ساڑھے تین گھنٹے کا وقت دیا گیا تھا۔