نئے ایس آئی ڈی ویزا پروگرام کا اطلاق دسمبر 7 ، 2024 سے ہو گیا ہے۔ جس کے ذریعہ ہنر مند افراد کے لیے آسٹریلیا میں رہائش اور کام کے لیے آسانیاں ہوں گی۔
آسٹریلیا کے محکمہ داخلہ کے مطابق، ایس آئی ڈی ویزا کے حامل ہنر مند افراد کے لیے آسٹریلیا میں مستقل رہائش کے لیے آسانی ہوگی۔ ویزا کے حامل افراد ویزے کی میعاد کے دوران متعدد بار بآسانی آسٹریلیا کا اور وہاں سے باہر کا سفر کر سکتے ہیں، جبکہ کام کے تجربے کی میعاد کی شرط کو کم کر کے ایک سال کر دیا گیا ہے، تاکہ ہنر مند افراد مستقل رہائش کے لیے آسانی سے درخواست دے سکیں۔
ایس آئی ڈی ویزا کے حصول کے لیے درخواست دہندہ کو ٹی ایس ایس ویزا کے درخواست دہندہ کے طور پر انگریزی زبان کی مخصوص اہلیت کے معیار پر پورا اترنا ہوگا اور متعلقہ کام کا تجربہ بھی ضروری ہے۔
ایس آئی ڈی ویزا کے حصول کے لیے آسٹریلوی محکمہ داخلہ نے ہنر مندوں کی ایک فہرست بھی جاری کی ہے۔ جس میں ہیلتھ کیئر، ٹیکنالوجی، تعمیرات اور دیگر شعبوں سمیت 450 سے زیادہ پیشے شامل ہیں ۔
کور سکلز پاتھ وے کی اہلیت کے لیے درخواست دہندگان کی تنخواہ ستر ہزار سے ایک لاکھ پینتیس ہزار آسٹریلوی ڈالز ہونی چاہیے۔ جو افراد ایک لاکھ پینتیس ہزار آسٹریلوی ڈالرز سے زائد کماتے ہیں وہ اسپیشلسٹ اسکلز پاتھ وے کے اہل ہیں۔
آنے والے دنوں میں ایس آئی ڈی ویزا پروگرام کے حوالے سے مزید اپ ڈیٹس متوقع ہیں۔