جاپان نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں تعاون کے حصے کے لیے اورل پولیو ویکسین کی خریداری کے لیے 3.1 ملین امریکی ڈالر کی نئی گرانٹ کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں حکومت، جاپان، جائیکا اور یونیسیف کے درمیان معاہدے پر دستخط کر دیے گئے۔
جاپان کے سفارتخانے سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان پولیو پروگرام اس رقم کا استعمال 2025 میں ویکسین کی 20.22 ملین سے زائد خوراکیں حاصل کرنے کے لیے کرے گا۔
اعداد وشمار کے مطابق رواں برس اب تک ملک میں پولیو کے 59 کیسز رپورٹ ہو چکےہیں۔ جن میں سے 26 کیسز بلوچستان سے جبکہ 16 خیبر پختونخوا، 15 سندھ اورایک ایک کیس پنجاب اور اسلام آباد سے رپورٹ ہوا ہے۔
وزیر اعظم کے معاون برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا کہ 2025 میں پولیو مہم میں شراکت داروں کے ساتھ مل کر ان مشکلات کو حل کرنے کی کوشش کریں گے جو تمام بچوں تک پہنچنے کے لیے ہماری راہ میں حائل ہیں۔ انھوں نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے جاپان کی حکومت اور عوام تعاون پر شکریہ دا کیا۔.
پاکستان میں جاپان کے عبوری چارج ڈی افیئرز مسٹر تاکانو سوچی کا کہنا تھا کہ جاپان تقریباً 30 سال سے پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کی مدد کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب تک، یونیسیف کے ذریعے پاکستان میں پولیو پروگرام کو سپورٹ کرنے کے لیے جاپان کی حکومت نےتقریباً 242.194 ملین ڈالر کی گرانٹ اور قرض کی رقم پاکستان کو دی ہے۔