فلسطینی نیوز ایجنسی وافا کے مطابق غزہ کی پٹی میں مختلف مقامات پر اسرائلی بمباری میں جمعرات کو 35 فلسطینی شہید ہو گئے۔
غزہ شہر کی الجالا اسٹریٹ پر صہیونی فضائیہ کی بمباری میں خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد شہید ہوئے جبکہ نصیرات کیمپ میں ایک گھر میں پناہ گزین افراد پر بمباری میں 15 افراد شہید کر دیے گئے۔
جنوبی غزہ میں رفاع شہر کے مغربی علاقے میں صہیونی فوج نے بمباری کر کے 13 فلسطینی شہریوں کو شہید اور 30 کو زخمی کردیا۔ وافا کے مطابق شہید ہونے والے افراد شہریوں کو امداد فراہم کر رہے تھے۔
خان یونس میں بھی امدادی سامان کی سیکیورٹی پر مامور شخص کو بھی صہیونی طیاروں نے نشانہ بنا کر شہید کر دیا۔ حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔