اسرائیلی فوج نے سفاکیت کی تمام حدیں پار کر دیں۔ صہیونی فوج کی شمالی غزہ کے کمال عدوان ہسپتال پر جمعرات سے شروع ہونے والی شدید زمینی اور فضائی بمباری جمعہ کی رات تک جاری رہی۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے کمال عدوان ہسپتال کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے کواڈ کاپٹروں سے بم گرائے جس میں طبی عملے کے تین ارکان زخمی ہوگئے۔
ابو صفیہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے کمال عدوان ہسپتال پر روزانہ کی بنیاد پر حملے کر رہا ہے اور 5 اکتوبر سے اب تک کم از کم 6 بار اس اسپتال پر چھاپہ مارا ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکام نے کمال عدوان ہسپتال تک انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رسائی سے بار بار انکار کیا ہے، جہاں کم از کم 96 مریضوں اور صحت کے عملے کو فوری مدد کی ضرورت ہے۔