خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یونان کے جنوبی جزیرے گاوڈوس سے دور تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے 5 افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے، جبکہ متعدد لاپتہ ہیں۔
یونانی کوسٹ گارڈزکے مطابق 39 افرادکو زندہ بچا لیا گیا ہے جن میں بڑی تعداد پاکستانی شہریوں کی ہے۔ جن کو جزیرہ کریٹ پر پہنچا دیا گیا ہے۔ لاپتہ مزید افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
دوسریجانب ترجمان دفترخارجہ کے مطابق بچائے گئے افراد میں 47 پاکستانی ہیں۔ ترجمان کے مطابق سفارتی اہلکارجزیرہ کریٹ پہنچ چکے ہیں تاکہ بچائے گئے پاکستانیوں سے ملاقات اور ان کی مدد کی جا سکے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایتھنز میں پاکستانی سفارتخانہ یونان اور چین کے کوسٹ گارڈ سے رابطے میں ہے، جو سرچ اور ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔
ترجمان کے مطابق لاپتہ پاکستانی افراد کے متاثرین کیلئے ہیلپ لائن نمبر جاری کردیا گیا ہے۔ پاکستانی متاثرہ فیملیز 6943850188-0030 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔