گزشتہ برس صہیونی فوج کی بمباری میں شہید نواسی کو چومتے اور اسکو میری روح کی روح کہنے والا نانا خالد نبھان بھی اسرائلی گولہ باری میں شہید ہوگیا۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق مقامی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ابو دیہ کے نام سے مشہور خالد نبھان وسطی غزہ میں نصیرات پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی بمباری میں شہید ہوگئے۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق گھر پر بمباری میں ایک بچے سمیت چار دیگر افراد بھی شہید ہوئے ۔
گزشتہ برس نومبر میں اسرائیلی فضائی حملوں میں خالد نبھان کی نواسی ریم شہید ہوگئی تھی۔
خالد نبھان کی ایک ویڈیو اس وقت دنیا کی توجہ کا مرکز بنی تھی جب اسرائیلی فضائی حملے میں شہید اپنی نواسی کو گود میں اُٹھائے اس کی آنکھوں کو چومتے ہوئے اسے میری روح کی روح کہتے پکار رہے تھے۔
عرب میڈیا کے مطابق خالد نبھان نے گزشتہ برس خاندان کی شہادت کے بعد اپنی زندگی فلسطینیوں کی مدد کے لیے وقف کردی تھی۔