امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ایجنسی (را ) نے اجرتی قاتلوں کے ذریعے پاکستان میں 6 افراد کو ہدف بنا کر قتل کرایا۔
امریکی اخبار کے مطابق بھارت پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔
امریکی اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اپریل 2024میں دو نقاب پوش لاہور میں عامر سرفراز عرف تامبا کو قتل کر کے فرار ہوئے۔ سرفراز کوٹ لکھپت جیل میں مبینہ طور پر بھارتی قیدی سربجیت سنگھ کے قتل میں ملوث تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ شواہد سے ثابت ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را پاکستان میں کئی افراد کے قتل میں ملوث ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ سال 2021 کے بعد را نے پاکستان میں متعدد لوگوں کو نشانہ بنایا ۔ سال 2014میں بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول نے بیان دیا تھا کہ پاکستان میں اپنے مقاصد کیلئے خفیہ ذرائع استعمال کرسکتے ہیں۔
امریکی اخبار کے مطابق بھارت نے امریکا، کینیڈا اور مغربی ممالک میں ماروائے عدالت قتل کئے۔ کینیڈا اور امریکا میں بھارتی خفیہ ایجنسی نے سکھ رہنماؤں کو قتل کیا۔
نئی دہلی میں را کے افسر وکاش یادیو نے نیویارک میں سکھ علیحدگی پسند رہنما پر قاتلانہ حملے کی ہدایت دی اور اس قتل میں اپنے ایجنٹ کو مقامی قاتل کی خدمات لینےکی ہدایت کی۔
کینیڈین حکام نے بھی بھارتی سفارتکاروں اور را کی دہشت گردی کو بے نقاب کیا۔اس سے قبل بھی وزارت خارجہ شواہد کے ساتھ پاکستانی سرزمین پر بھارتی دہشتگردی کو بے نقاب کرچکی ہے۔