اسلام آباد انٹرنشنل ایئرپورٹ کی آوٹ سورسنگ کیلئے آج فنانشل بڈ کھولنے کی تقریب پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) ہیڈ کوارٹرز کراچی میں ہوئی۔
فنانشل بڈ میں شارٹ لسٹ واحد ترک کمپنی نے حصہ لیا ۔ کمپنی نے اسلام آباد ایئرپورٹ کی کل آمدنی کا 47.25 فیصد حصہ دینے کی پیش کش کی ہے۔
پی اے اے ترجمان کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ کی آوٹ سورسنگ کیلئے شارٹ لسٹ واحد کمپنی ترکی کی ٹی ای آر جی کنسورشیم ہے۔
ٹی آر جی کنسورشیم نے اسلام آباد انٹرنشنل ایئرپورٹ کے آپریشن سے حاصل ہونے والی کل آمدنی کا 47.25 فیصد پی اے اے کو دینے کی پیشکش دی، پی اے اے نے ریفرنس بولی آمدنی کا 56 فیصد مقرر کیا ہے ۔
پی اے اے ترجمان کے مطابق ترک کمپنی کی پیشکش اب جائزے کیلئے ٹرانزیکشن ایڈوائزر آئی ایف سی میں بھیجی جائے گی ، آئی ایف سی جائزہ رپورٹ 9 جنوری تک پی اے اے کو پیش کرے گا۔
پی اے اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے جائزے کے بعد اسلام آباد ایئرپورٹ کیلئے ترک کمپنی کی پیش کش کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی ۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کراچی اور لاہور کے ایئرپورٹس کی آوٹ سورسنگ کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔
آوٹ سورنگ کا عمل تیز رفتار بنانے کیلئے اب کراچی اور لاہور ایئرپورٹس کی آوٹ سورسنگ گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ طریقے سے کیے جانے کا امکان ہے ۔