امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست نیویارک کی سپریم کورٹ کے جج کو عدالتی کارروائی سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔
ٹرمپ نے ہش منی کیس کا فیصلہ سنانے والے نیویارک کے جج کو متنازع اور کرپٹ قرار دیدیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نےجج جوآن مرچن پر الزام عائد کیا کہ وہ ڈیموکریٹ پارٹی کیلئےکام کررہے ہیں۔ ٹرمپ نےکہا ہش منی کیس بائیڈن انتظامیہ کی انتقامی کارروائی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جج نے ٹرمپ کی صدارتی استثنیٰ کی استدعا مسترد کی تھی اور کاروبار میں جلعسازی کے معاملے پر ڈونلڈ ٹرمپ کی بطور مجرم حیثیت برقرار رکھنے کا فیصلہ سنایا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کو سزا سنائے جانے کے لیے 10 جنوری کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
ٹرمپ نے امریکی عدالتی نظام کو کرپٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی نظام کی وجہ سے لوگ اور کمپنیاں نیویارک چھوڑ کر جا رہے ہیں۔
دوسری جانب ریپبلکن رہنما کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف عدالتی فیصلے پر اپیل دائر کیے جانے کا امکان ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ مجرم قرار دیے جانے کے باوجود صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے امریکا کے پہلے صدر ہوں گے۔