برازیل کی وفاقی عدالت نے پولیس کو جنوبی امریکا کا سفر کرنے والے اسرائلی فوجی کے غزہ میں جنگی جرائم میں ملوث ہونے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
میڈیا رپوٹ کے مطابق عدالت نے یہ حکم بیلجیئم کی ہند رجب فاؤنڈیشن کی جانب سے فوجی کے خلاف شکایت درج کرنے کے بعد دیا ہے۔
گروپ نے دیگر ممالک بشمول برسلز میں اسرائیل کے ملٹری اتاشی اور سری لنکا میں سفر کرنے والے ایک فوجی کے خلاف بھی اسی طرح کی شکایات درج کرائی ہیں۔
برازیل میڈیا کی رپوٹ کے مطابق رجب فاؤنڈیشن نے 500 صفحات پر مشتمل جنگی جرائم کے شواہد فراہم کیے ہیں۔ جن میں ویڈیوز اور تصاویری شواہد کے ذریعہ فوجی کو نومبر 2024 میں غزہ میں انفراسٹرکچر اور عمارتوں کو تباہ کرنے والا دھماکہ خیز مواد نصب کرتے دکھایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق عدالت نے اسرائیلی فوجی کی گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا تھا، تاہم فوجی برازیل چھوڑنے میں کامیاب ہو گیا تھا۔
غزہ میں لڑنے والے تقریباً 30 فوجیوں کے خلاف جنگی جرائم کی شکایات درج ہونے کے بعد اسرائیلی ڈیفنس فورس (آئی ڈی ایف) نے مبینہ طور پر درجنوں فوجیوں کو بیرون ملک سفر کرنے سے خبردار کیا تھا۔
فوجیوں کی شناخت غزہ میں ان کی سروس کے دوران لی گئی ویڈیوز اور تصاویر سے کی گئی ہے جو انہوں نے آن لائن پوسٹ کی تھیں جو تھیں۔
آئی ڈی ایف نے غزہ میں زمینی کارروائی کے آغاز سے ہی فوجیوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ کارروائی کے دوران لی گئی اپنی تصاویر شائع نہ کریں کیونکہ ایسا مواد ان کے خلاف جنگی جرائم کی کاروائیوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے ۔