امارت اسلامیہ افغانستان کے نائب ترجمان، حمد اللہ فطرت نے امریکا کی کابل کو اربوں ڈالر کی مالی امداد دینے کے دعووں کی تردید کی ہے۔
میڈیا کو جاری بیان میں حمد اللہ فطرت نے اس بات پر زور دیا کہ امارت اسلامیہ کو امریکا سے کوئی مالی امداد نہیں ملی اور نہ ہی امریکا کو ایسی درخواست کی گئی ہے۔
انہوں نے امریکا پر نہ صرف امداد روکنے بلکہ افغان عوام کی ملکیت اربوں ڈالر تک رسائی کو روکنے پر بھی تنقید کی اور امریکا کے اس عمل کو افغان اثاثوں پر قبضہ قرار دیا۔
افغان نائب ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا کے دعوے کے برعکس، وہ جن فنڈز کا حوالہ دیتے ہیں وہ بنیادی طور پر افغانستان سے امریکی فوجیوں کے انخلا سے منسلک اخراجات ہیں۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ امارت اسلامیہ کو امریکی امداد کی کوئی توقع نہیں ہے۔