اقوام متحدہ کے بچوں کے ادارے یونیسیف کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال 2025 کے پہلے سات دنوں کے دوران، غزہ سٹی، خان یونس اور جنوب میں محفوظ زون قرار دیے گئے المواسی میں رات گئے صہیونی حملوں میں 74 فلسطینی بچے شہید ہو گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز کے اسرائلی فوج کے تازہ حملے میں المواسی میں پانچ بچے شہید کر دیے گئے ہیں۔
یونیسیف کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر، کیتھرین رسل نے کہا کہ غزہ کے بچوں کے لیے نیا سال حملوں، محرومیوں، اور سردی کی بڑھتی ہوئی شدت اموات اور مصائب لے کر آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی طویل عرصے سے التوا میں ہے نئے سال کی المناک شروعات میں بہت سارے بچے مارے گئے یا اپنے پیاروں کو کھو چکے ہیں۔
یونیسیف نے ایک بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ بمباری کے علاوہ، بنیادی پناہ گاہ کی مسلسل کمی اور سردیوں کے درجہ حرارت سے بچوں کے لیے سنگین خطرات پیدا کر دیے ہیں۔
دس لاکھ سے زیادہ بچے عارضی خیموں میں رہ رہے ہیں، گزشتہ 15 مہینوں میں بے گھر ہونے والے متعدد خاندانوں کے ساتھ بچوں کو انتہائی خطرات کا سامنا ہے۔
یونیسیف کی رپورٹ کے مطابق 26 دسمبر سے، آٹھ نوزائیدہ بچے مبینہ طور پر ہائپوتھرمیا سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔
اس سے قبل یونیسیف نے فلسطینی وزار صحت کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ جنگ کے آغاز سے اب تک 14 ہزار فلسطینی بچے صہیونی جارحیت میں شہید ہو چکے ہیں۔