یورپی یونین کی پابندی کے خاتمے کے بعد قومی ایرلائن کی پہلی پرواز 12 بج کر 10 منٹ پر اسلام آباد سے پیرس کے لیے روانہ ہوگئی۔
قومی ایرلائن کی اسلام آباد پیرس پرواز اپنے آغاز سے ہی مسافروں میں انتہائی مقبول ہو گئی ہے ، جمعہ کی پرواز سمیت اس ہفتہ پیرس کیلئے آپریٹ ہونے والی قومی ایرلائن کی تمام پروازوں کی نشستیں بُک ہو گئی ہیں۔
پابندی کے خاتمہ پر قومی ایرلائن چار سال کے طویل عرصے کے بعد یورپ کیلئے جمعہ کو اسلام آباد سے پیرس اپنی پہلی پرواز پی کے 749 آپریٹ کر رہی ہے۔
قومی ایرلائن نے برطانیہ سمیت یورپ کے 21 شہروں تک اپنے مسافروں کو پہنچانے کیلئے ایئرفرانس سے معاہدہ کیا ہے ۔
قومی ایرلائن پیرس کے لئے پروازیں بوئنگ 777 طیارے سے آپریٹ کرے گی ، قومی ایرلائن کی یورپ کیلئے پروازوں کی مقبولیت کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ پہلی پرواز پر کلب کلاس کی 35 نشستوں سمیت تمام 329 نشستیں بک ہوچکی ہیں۔
اسی طرح پیرس سے واپسی کی پروازکی بھی تمام نشستیں فل ہیں۔ قومی ایرلائن کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد پیرس روٹ پر اگلی تین دوطرفہ پروازوں کے تمام ٹکٹ مکمل طور پر فروخت ہوچکے ہیں۔
ترجمان کے مطابق کوٹ شئیرنگ معاہدے کے تحت قومی ایرلائن کے مسافروں کو اب ایرفرانس پیرس سے آگے برطانیہ اور یورپ کے 21 شہروں تک لے جائے گی، ان پروازوں کے ٹکٹ قومی ایرلائن ہی جاری کرے گی ۔