محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں رات گئے جناح ٹرمینل پر درجہ حرارت 8.9، گلستان جوہر میں 10.5 جبکہ شارع فیصل پر 12.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ماڑی پور میں درجہ حرارت 13.5 اور بن قاسم میں 11.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
محکمۂ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے کے دوران موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ اس دوران ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد اور شمال مشرق سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ رہے گی۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج دن میں بھی ٹھنڈی ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔
موسم کا حال بتانے والے ادارے کے مطابق ملک کے اکثر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔
اسکردو میں پارہ منفی گیارہ، استور منفی دس، گلگت، کالام منفی سات اور ہنزہ میں منفی چھ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع اور بالائی سندھ میں درمیانی سے شدید دُھند کی توقع ہے۔
ملتان میں شدید دھند کے باعث ایم 5 ٹریفک کے لیےبند ہے۔ دھند کی وجہ سے خانیوال، ملتان، اوچ شریف سے رحیم یار خان تک بھی موٹروے بند ہے۔
شدید دھند کے باعث رحیم یار خان، گڈو اور گھوٹکی تک کا رستہ بھی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق شدید دھند کے سبب ایم ون رشکئی سے صوابی تک بھی ٹریفک کے لیے بند کی گئی ہے۔