افغانستان کے قومی ادارہ شماریات و معلومات نے رواں سال کی تیسری سہ ماہی سے متعلق ملک کی برآمدات اور درآمدات کے اعداد و شمار جاری کر دیے۔
اعداد وشمار کے مطابق ملکی برآمدات 669.7 ملین ڈالر اور درآمدات 3 ارب 254.4 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ برس کی تیسری سہ ماہی میں برآمدات کی مالیت 634.8 ملین ڈالر تھی، جس کے مقابلے میں رواں سال کی برآمدات میں 34.9 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
اسی طرح گزشتہ برس کی تیسری سہ ماہی میں درآمدات کی مالیت 2ارب 179.4 ملین ڈالر تھی، جس کے مقابلے میں رواں سال کے اسی عرصے میں درآمدات میں 1 ارب 75.0 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
افغانستان کے قومی ادارہ شماریات و معلومات کے مطابق رواں سال خشک اور تازہ میوہ جات کی برآمدات 321.9 ملین ڈالر کی مالیت کے ساتھ پہلے نمبر پر رہیں، دوسرے نمبر پر سبزیاں 79.3 ملین ڈالر، تیسرے نمبر پر طبی نباتات 67.3 ملین ڈالر اور معدنی مواد کی برآمدات 35.2 ملین ڈالر کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہیں۔
درآمدات میں تیل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات 667.2 ملین ڈالر کی مالیت کے ساتھ سب سے زیادہ رہیں، دوسرے نمبر پر مشینری، گاڑیاں اور پرزہ جات 450.1 ملین ڈالر، تیسرے نمبر پر گندم اور آٹا 234.1 ملین ڈالر اور کپڑے کی درآمد 117 ملین ڈالر مالیت کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہی۔
ادارہ شماریات کے مطابق تورغندی، اسلام قلعہ اور ہرات کے مرکزی کسٹم نے 25 فیصد، قندھار شہر اور سپین بولدک کے کسٹم نے 15.6 فیصد اور مزار شریف کے کسٹم نے 14.2 فیصد کے ساتھ ملک کی برآمدات اور درآمدات میں سب سے زیادہ کردار ادا کیا۔