حماس اسرائیل جنگ بندی کے بعد ملبے میں دبے فلسطینی شہریوں کی لاشوں کی تلاش جاری ہے۔ فلسطینی سول ڈیفینس ایجنسی کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والے شہریوں میں سے 97 کی لاشیں ملبے سے نکال لی گئی ہیں۔
سول ڈیفنس ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق عمارتوں کے کنکریٹ ملبے تلے تقریباً 10ہزار افراد کی لاشیں ہیں۔
دوسری جانب غزہ میں محکمہ شہری دفاع کے ترجمان محمود بصل کا کہناہے کہ اسرائیلی بمباری میں شہید 2842 فلسطینیوں کی لاشیں گل گئی ہیں۔
انھوں نے عرب اور دیگر ممالک سے لاشوں کو ملبے سے نکالنے میں مدد کی اپیل کی ہے۔ غزہ کی پٹی میں صہیونی فوج کی بمباری میں شہری دفاع کے 99 کارکن بھی شہید ہوئے۔
ترجمان شہری دفاع نے مزید کہا کہ اسرائیلی فورسز نے 27 کارکنوں کو گرفتار کیا جن کے بارے میں کوئی معلومات نہیں، اسرائیلی فورسز نے غزہ کی پٹی میں فلسطینی شہری دفاع کے 21 میں سے 17 مراکز پر بمباری کی۔