محکمہ موسمیات نے ملک کے بیش تر علاقوں میں کم بارش کے باعث خشک سالی کا انتباہ جاری کر دیا ہے۔
موسم کا حال بتانے والے ادارے کا کہنا ہے کہ یکم ستمبر 2024 سے 15 جنوری 2025 کے درمیان معمول سے 40 فی صد کم بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں بارش معمول سے 52 فی صد، بلوچستان میں 45 فی صد اور پنجاب میں 42 فیصد کم بارش ہوئی۔ معمول سے کم بارش کے باعث ملک میں خشک سالی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
ملک بھر میں سردی کی لہر بھی برقرار ہے، محکمہ موسمیات نے کشمیر اور بلتستان میں بارش اور پہا ڑوں پر برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران اسکردو میں درجہ حرارت منفی 5 ریکارڈ کیا گیا۔ کالام میں 9 انچ تک برف باری ہو چکی ہے۔ مالم جبہ میں پارہ منفی 4 تک گر گیا ہے۔
گلگت میں درجہ حرارت صفر، کوئٹہ میں 1، مظفر آباد 3، اسلام آباد 4، پشاور 5 اور لاہور میں 10 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 13.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔