کراچی پیپرز رپورٹ : بھاری کرپشن کے عوض کراچی میں غیر قانونی تعمیرات کا جال بچھانے کے بعد اب اپنی ریٹائرمنٹ سے محض چند دن قبل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل، عبدالرشید سولنگی نے اپنی اننگ کی آخری باؤنڈری لگانے کی تیاری شروع کردی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی عبدالرشید سولنگی نے اپنی ریٹائرمنٹ سے قبل بھاری مالی فوائد کے عوض ادارے اور ملازمین کے فنڈز کم شرح سود پر سندھ بینک میں منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
اربوں روپے کی یہ رقم اس وقت ایک نجی بینک میں اچھی شرح سود پر ڈپازٹ ہے۔ جس سے معقول منافع ادارے کو حاصل ہو رہا ہے۔ تاہم اب اس رقم کو سندھ بینک میں منتقل کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ جس کے لیے رشید سولنگی کو مبینہ طور پر بھاری مالی فوائد کی پیشکش کی گئی ہے۔
ایس بی سی اے نے سندھ بینک اور الائیڈ بنیک سے کوٹیشنز طلب کی تھیں، جن کے مطابق سندھ بینک نے الائیڈ بینک کے مقابلے میں بھی ایک فیصد کم شرح سود آفر کی ہے جس کا مطلب ہے کہ اگر دس ارب ایک سال کے لیے ڈپازٹ کیے گئے تو ادارے کو دس کروڑ روپے کا نقصان ہو گا۔
کم شرح سود پر فنڈز منتقل کرنے سے اس پر منافع کی شرح کم ہوجائے گی جس کے باعث ملازمین اور ادارے کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا، تاہم سندھ بینک کو مارکیٹ سے کم شرح پر منافع دینے پر زبردست فائدہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پرانے بینک سے نئے بینک میں رقم کی منتقلی میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ایڈمن سیکشن اور فنانس اینڈ اکاؤنٹس کی پھرتیاں جاری ہیں۔