ایف آئی اے افسر اور ساتھیوں پر اغوا، کروڑوں روپے کیش اور سیکڑوں تولے سونا چھیننے کے الزامات ثابت ہو نے پر ایف آئی اے افسر سمیت چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ایف آئی اے افسران اور تلمبہ پولیس نے مشترکہ طور پر کاروباری شخص اسد محمود کے گھر جولائی 2024 میں چھاپا مار کر 18 کروڑ 53 لاکھ روپے کیش اور 300 تولہ سونا قبضہ میں لیا تھا۔
متاثرہ شہری نے اینٹی کرپشن سرکل میں ایف آئی اے کوئٹہ کے انسپکٹر ، عنایت اللہ، ملک سہیل، نیاز احمد اور حیدر نقوی کے خلاف مقدمہ درج کرایا۔ جس پر ڈی جی ایف آئی اے کے حکم پر افسران کے خلاف انکوائری کے بعد مقدمہ درج کیا گیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق ایف آئی اے افسران اور تلمبہ پولیس نے مشترکہ طور پر کاروباری شخص کے گھر 25جولائی 2024 کی رات چھاپا مارا ۔ کارروائی بغیر کسی خاتون اہلکار کے کی گئی اور نقدی اور زیورات تحویل میں لیے گئے۔
ایف آئی آر کے مطابق ایس ایچ او تھانہ تلمبہ نے بھی کارروائی میں حصہ لیا، تلمبہ پولیس نے مدعی کے کزن کو بھی گرفتار کیا اور گاڑی بھی قبضہ میں لی، دوران کارروائی 18 کروڑ 53 لاکھ روپے کیش اور 300 تولہ سونا قبضہ میں لیا گیا۔