آرمی جنرل ہیڈ کوارٹر(جی ایچ کیو ) حملہ کیس میں راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور دو شریک ملزمان کی بریت کی درخواست مسترد کر دی۔
اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے پراسیکیوشن کے دلائل کے بعد عمران خان، ریٹائرڈ کرنل اجمل صابر اور سہیل عرفان عباسی کی بریت کی درخواست خارج کی۔
پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمے کا ٹرائل جاری ہے اور 12 گوہان کے بیانات قلمبند کیے جا چکے ہیں۔ اس موقع ہر بریت کی درخواست ناقابل سماعت ہے، کورٹ پراسیکیوشن کو ثبوت فراہم کرنے کا موقع فراہم کرے۔
پراسیکیوشن نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے بھی اس جیسے کیس میں شیخ رشید کی بریت کی درخواست پر فیصلہ برقرار رکھا۔
کورٹ نے پراسیکیوٹر کے دلائل کے بعد عمران خان اور دیگر شریک دو ملزمان کی بریت کی درخواست خارج کر دی۔