فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشنز (فاپواسا) سندھ چیپٹر نے جامعات کے قانون میں ترمیم کے خلاف پیر اور منگل کو بھی تمام سرکاری یونیورسٹیز میں تدریسی سرگرمیوں کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔
سندھ کی یونیورسٹیز میں اجتجاج کو 14 روز ہو گئے ہیں، گزشتہ روز فاپواسا کے ہنگامی آن لائن اجلاس میں سندھ یونیورسٹیز ایکٹ میں اسٹیک ہولڈرز اور اسمبلی ممبران سے مشاورت کے بغیر یک طرفہ ترامیم کی شدید مذمت کی گئی۔
فیکلٹی نے اس اقدام کو جامعات کی خودمختاری ختم کرنے اور بنیادی اقدار کو نقصان پہنچانے کی سازش قرار دیا۔ فاپواسا سندھ نے اعلان کیا کہ جب تک یہ قانون واپس نہیں لیا جاتا، احتجاج جاری رہے گا۔
اجلاس میں سندھ اسمبلی کے سامنے بھرپور احتجاجی مارچ اور ترامیم کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان بھی کیا گیا۔